Why Facebook is Changing its Logo
فیس بک اپنا لوگو کیوں تبدیل کر رہی ہے
سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے اپنا لوگو تبدیل کرنے کا اعلان کردیا۔
جمعرات کو فیس بک نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ ’ہم خود کو دوبارہ متعارف کروانا چاہتے ہیں۔
فیس بک نے اپنے صارفین کو اس فیصلے پر پیش رفت سے آگاہ رہنے کے لیے انسٹاگرام، واٹس ایپ اور مسنجر پر فیس بک سے منسلک رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ فیس بک اس تبدیلی کے دوران ’ڈاؤن‘ ہوگا۔ یعنی فیس بک اس بارے میں مزید اطلاعات ان ایپلی کیشنز پر موجود اپنے اکاونٹس کے ذریعے اپنے صارفین سے شیئر کرے گا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق فیس بک اگلے ہفتوں میں اپنے تمام پروڈکٹ اور مارکیٹنگ مواد پر نیا لوگو لگا دے گی۔
قبل ازیں 4 نومبر کو فیس بک نے ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ ہم کمپنی کی نئی برانڈنگ کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے تحت فیس بک (کمپنی) کا لوگو تبدیل ہوگا اور کمپنی کے پروڈکٹس کو الگ شناخت دی جائے گی۔
مثال کے طور پر فیس بک بنیادی طور پر ایک ویب سائٹ تھی اور اسی نام سے کمپنی ہے۔ اس کے بعد فیس بک نے اپنی اسمارٹ فون ایپ تیار کی جو کہ الگ پروڈکٹ ہے۔ اسی طرح مسنجر ایک الگ پروڈکٹ ہے۔
اس تبدیلی کا مقصد ان پروڈکٹس کے علاوہ کمپنی کی اپنی شناخت کو جداگانہ حیثیت دینا ہے۔
Report: Samaa News