ٹویٹر کے مالک جیک ڈورسی کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک
سماجی رابطے کی صف اول کی ویب سائٹ ٹویٹر کے مالک کا اپنا اکاؤنٹ ہی ہیک ہوگیا، جس پر نسل پرستانہ، غیر مہذب اور بم کی دھمکیوں کے پیغامات جاری کئے گئے۔
ٹویٹر کے سان فرانسسکو میں قائم ہیڈکواٹر سے جاری بیان کے مطابق ٹویٹر بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک ڈورسی کے آفیشل اکاؤنٹ کو ہیک کرنے والے گروہ نے اس ہنڈل کو تقریباً 30 منٹ تک کنٹرول میں رکھا اور اس دوران کئی قابل اعتراض ٹویٹس کی گئیں، جس میں نسل پرستانہ، غیر مہذب اور بم کی دھمکیوں والے پیغامات شامل ہیں۔
جیک ڈورسی کے ٹویٹر پر 40 لاکھ سے زیادہ فالورز ہیں اور یہ ٹویٹر کے سب سے زیادہ محفوظ اکاؤنٹس میں سے ایک تصور کیا جاتا تھا، جسے ہیکرز نے اپنے قبضے میں لے کر دیگر صارفین کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
ہیکرز نے خود کو ’چکل گینگ‘ کے طور پر متعارف کراتے ہوئے ڈورسی کے اکاؤنٹ کو فالو کرنے والوں کو مباحثے کی دعوت دی، تاہم ٹویٹر نے اس گروہ کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹس کو ہنڈل پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے فوری بعد ڈیلیٹ کر دیا۔
اگرچہ ہیکر گروپ نے اس سائبر حملے کے پیچھے اپنے عزائم ظاہر نہیں کیے تاہم انہوں نے جیک ڈورسی سے متعدد اکاؤنٹس کی معطلی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ڈورسی کا اکاؤنٹ ہیک کئے جانے کو ٹویٹر کیلئے شرمندگی کا باعث قرار دیا جا رہا ہے۔ کئی صارفین کا ماننا ہے کہ کمپنی مالک کا اپنی ہی ایپ پر اکاؤنٹ محفوظ نہیں، اس کا مطلب ہے کہ ہیکرز ان کے نجی پیغامات کو پڑھنے کے بھی قابل ہیں۔
ہیکرز کی جانب سے جیک ڈورسی کے اکاؤنٹ پر کنٹرول کے بعد ٹویٹس کو کچھ دیر بعد ہی حذف کردیا گیا تھا تاہم بعض صارفین کیلئے یہ اکاؤنٹ عجیب ثابت ہو رہا تھا جبکہ کچھ کیلئے اس ہینڈل پر ایک بھی ٹویٹ ظاہر نہیں ہو رہی تھی۔
جیک ڈورسی اور ٹویٹر کے آفیشل اکاؤنٹ سے اس واقعے کے بعد کوئی تبصرہ جاری نہیں کیا گیا۔
تاہم کمپنی کے جاری بیان میں بتایا گیا کہ موبائل سروس فراہم کنندہ کی سیکیورٹی میں خلل کے سبب اکاؤنٹ سے وابستہ فون نمبر متاثر ہوا تھا، اس سے ایک غیر مجاز شخص کو اس فون نمبر سے ٹیکسٹ میسج کے ذریعے ٹویٹس تحریر کرنے اور بھیجنے کی اجازت دی گئی، اب یہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔
Report: Samaa News